جے پور 7 /اگست(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا)راجستھان میں گزشتہ جمعہ کو ہوئے مقامی باڈی کے انتخابات کے نتائج کا آج اعلان کر دیا گیا۔نتائج کے مطابق کانگریس نے 37میں سے 19نشستوں پر قبضہ جما لیا ہے، جبکہ بی جے پی کو 10سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑا۔6سیٹوں پر آزاد امیدواروں نے بازی ماری جبکہ 2 سیٹیں بہوجن سماج پارٹی کی جھولی میں گئی۔ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق راجستھان میں 6اضلاع کی سات میونسپل بورڈ، سات وارڈممبران، اضلاع میں ضلع پریشد رکن، اور 17اضلاع کی 24پنچایت سمیتی کے رکن کا ضمنی الیکشن گذشتہ 5 /اگست کو ہوا اور آج ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا۔کمیشن کے مطابق 6ا ضلاع کے ضلع پریشد ممبران کے ضمنی الیکشن میں کانگریس نے 4 اور بی جے پی اور بی ایس پی نے ایک ایک سیٹ پر جیت حاصل کی ہے۔24پنچایت سمیتی کے ارکان کے ضمنی الیکشن میں 13نشستوں پر کانگریس نے جیت درج کی جبکہ بی جے پی نے 7سیٹوں پر، آزاد امیدوار نے 3، اور بی ایس پی نے ایک سیٹ پر جیت درج کی، اسی طرح سات میونسپل کارپوریشن میں کانگریس اور بی جے پی نے 2-2 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ 3 آزاد امیدواروں کوجیت ملی۔راجستھان ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر سچن پائلٹ نے لوکل باڈی اور پنچایتی راج کے ضمنی الیکشن میں پارٹی کو ملی کامیابی پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے کانگریسی کارکنوں اور لیڈروں کو مبارکباد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ مینڈیٹ ریاست بھر کے مختلف اضلاع کا ہے جس میں شہری اور دیہی آبادی کی رائے شامل ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست کے گاؤں اور شہروں میں بی جے پی کے تئیں عوام میں شدید عدم اطمینان پایا جاتا ہے۔پائلٹ نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہو گیا ہے کہ ریاست میں حکومت کی آدھی مدت کے گزرنے کے بعد عوام میں بی جے پی کے تئیں ناراضگی بڑھی ہے، مہنگائی، بدعنوانی، حساس طبقوں کے استحصال کو فروغ دے کر بی جے پی نے مینڈیٹ کی توہین کی ہے۔